*افغانستان میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 1000 سے زیادہ ہوگئی*
کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے صوبے ہرات میں گزشتہ روز شدید زلزلہ آیا جو ایک ہزارسےزائد انسانی جانوں کو نگل گیا۔افغان حکام کے مطابق صوبے ہرات میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی جس کے سبب انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا جبکہ بادغیس اور فرح صوبے میں بھی آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔افغان حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ زلزلے کی وجہ سے 600 سے زائد افراد زخمی جبکہ ایک ہزارسےزائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔حکام نے یہ بھی بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں زندہ جان اور غوریان اضلاع کے 12 دیہات مکمل تباہ ہو گئے، ملبے سے مزید لوگوں کو نکالنے کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کی رابطہ برائے انسانی حقوق کی رپورٹ کے غیر مصدقہ تخمینہ کے مطابق زلزلے میں 320 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز ہرات سے 40 کلو میٹر شمال مغرب کی طرف تھا جبکہ بعد میں تین افٹر شاکس کو بھی محسوس کیا جن کی شدت 6.3، 5.9، 5.5 تھی۔